عوامی طاقت سے نظام بدلنے کا وقت آ گیا ہے،حافظ نعیم الرحمان

فائل فوٹو،سوشل میڈیا

(دن نیوز)امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ عوام کو تنگ کرنے والے موجودہ نظام کی صرف شاخیں نہیں بلکہ اس کی جڑیں کاٹنے کا وقت آ چکا ہے۔ انہوں نے عوام سے فیصلہ کن جدوجہد کے لیے تیار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اب معمولی اصلاحات نہیں بلکہ مکمل نظامی تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے۔

لوئر دیر میں ’’بدل دو نظام‘‘ کے عنوان سے بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 79 برسوں سے ملک پر بیوروکریسی، جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور مختلف مفاداتی گروہوں کا ایک مضبوط اتحاد حکمرانی کر رہا ہے، جس نے عوام کو مسلسل مشکلات میں رکھا ہوا ہے۔ ان کے مطابق عوام کو اب اس استحصالی نظام کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔

انہوں نے سیاسی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے، اور اس سلسلے میں انہوں نے عمران خان کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔

اپنے خطاب میں حافظ نعیم الرحمن نے حکومت پر تعلیم کے شعبے میں ناکامی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنے طور پر ہزاروں تعلیمی ادارے قائم کیے ہیں، جبکہ ریاستی سطح پر عوام کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی اور معاشی نظام کی بہتری کے لیے عوامی شعور اور منظم جدوجہد ضروری ہے تاکہ استحصالی ڈھانچے کو تبدیل کیا جا سکے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *