بنگلادیش میں ٹرمپ اور نیتن یاہو جیسی بھینسیں سوشل میڈیا وائرل

(دن نیوز) بنگلادیش میں عیدالاضحیٰ سے قبل دو منفرد البینو بھینسیں غیر معمولی شہرت حاصل کر رہی ہیں جن کی ظاہری مشابہت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے جوڑی جا رہی ہے۔ دارالحکومت ڈھاکہ کے قریب ضلع نارائن گنج میں موجود ان بھینسوں کو دیکھنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد فارموں کا رخ کر رہی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر ان جانوروں کی تصاویر اور ویڈیوز بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک سفید اور گلابی رنگت والی تقریباً 700 کلو وزنی بھینس کے سر پر سنہرے بال موجود ہیں جس کی وجہ سے فارم مالکان نے اس کا نام ڈونلڈ ٹرمپ رکھا ہے۔ بھینس کے مالک ضیاالدین مردھا نے میڈیا کو بتایا کہ روزانہ درجنوں افراد اس بھینس کو دیکھنے اور اس کے ساتھ تصاویر بنانے کیلئے ان کے فارم پر آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بھینس تقریباً دس ماہ قبل ایک مقامی مویشی منڈی سے خریدی گئی تھی جبکہ ان کے چھوٹے بھائی نے اس کے سنہرے بالوں کو دیکھ کر مذاق میں اسے امریکی صدر سے منسوب کیا۔ دوسری جانب ایک اور البینو بھینس بھی عوامی دلچسپی کا مرکز بنی ہوئی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس کی آنکھوں اور چہرے کی ساخت اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے مشابہت رکھتی ہے۔ فارم مالکان کے مطابق اس بھینس کا وزن 750 کلوگرام سے زیادہ ہے اور اس کا رویہ دیگر جانوروں کے مقابلے میں زیادہ جارحانہ سمجھا جاتا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق عیدالاضحیٰ کے قریب آتے ہی ان منفرد جانوروں کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے جبکہ مختلف علاقوں سے لوگ خصوصی طور پر انہیں دیکھنے کیلئے پہنچ رہے ہیں۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *