(دن نیوز)بھارتی کرنسی مارکیٹ میں دباؤ بڑھنے کے باعث بھارتی روپیہ ایک بار پھر تاریخی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گیا ہے، جبکہ خطے کی کرنسیوں میں اتار چڑھاؤ کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی روپیہ کی قدر میں 0.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد ایک امریکی ڈالر کی قیمت 96.2275 روپے تک پہنچ گئی۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے ڈالر 96.1350 کے قریب ٹریڈ کر رہا تھا، تاہم حالیہ معاشی دباؤ اور عالمی غیر یقینی صورتحال کے باعث بھارتی کرنسی پر مزید دباؤ بڑھ گیا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور عالمی توانائی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے اثرات اب ابھرتی ہوئی معیشتوں پر بھی پڑ رہے ہیں، جن میں بھارت بھی شامل ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں کرنسی مارکیٹ نسبتاً مستحکم رہی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر 1 پیسے کی کمی کے بعد 278 روپے 61 پیسے پر بند ہوا۔
ماہرین کے مطابق خطے میں کرنسیوں کا یہ فرق معاشی پالیسیوں، درآمدی دباؤ اور عالمی سرمایہ کاری کے رجحانات کی عکاسی کرتا ہے۔ اگر عالمی سطح پر تیل اور سونے کی قیمتوں میں اضافہ جاری رہا تو آنے والے دنوں میں جنوبی ایشیا کی کرنسی مارکیٹس مزید دباؤ کا شکار رہ سکتی ہیں۔