(دن نیوز)آئی پی ایل ایک بار پھر تنازعات کی زد میں آ گئی ہے، جہاں رواں سیزن میں میچ فکسنگ سے متعلق نئے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز اور شائقین کی جانب سے سامنے آنے والے تبصروں نے لیگ کی شفافیت پر بحث کو مزید تیز کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق چند روز قبل سن رائزر حیدرآباد اورپنجاب کنگز کے درمیان میچ میں تین انتہائی آسان کیچز ڈراپ کیے جانے کے بعد شکوک و شبہات نے جنم لیا تھا۔ کرکٹ شائقین نے ان لمحات کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر مختلف سوالات اٹھائے۔
اب ایک اور واقعے نے تنازع کو مزید بڑھا دیا ہے۔ گزشتہ روز دیلی کیپیٹل اور پنجاب کنگز کے درمیان میچ میں دہلی کے کپتان اکثرپاٹیل ایک آسان کیچ کی جانب بڑھے، تاہم انہوں نے گیند پکڑنے کی واضح کوشش نہیں کی اور گیند زمین پر گر گئی۔ اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بعض صارفین نے فکسنگ سے متعلق خدشات ظاہر کرنا شروع کر دیے۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے آئی پی ایل میں شفافیت اور کھیل کے معیار پر سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔ تاہم لیگ انتظامیہ یا متعلقہ ٹیموں کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
یاد رہے کہ رواں سیزن میں لیگ مختلف دیگر تنازعات کی وجہ سے بھی خبروں میں رہی ہے، جن میں مبینہ کالا جادو، چائلڈ لیبر اور ڈریسنگ روم میں ویپ استعمال کرنے جیسے معاملات شامل ہیں۔ ان واقعات نے لیگ کی ساکھ اور انتظامی نگرانی پر بھی سوالات کھڑے کیے ہیں۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی فرنچائز لیگ ہونے کے باعث آئی پی ایل پر شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھنے کی اضافی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اس لیے کسی بھی تنازع کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ضروری ہیں۔