(دن نیوز) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور برادر ممالک کی درخواست کا مثبت جواب دیتے ہوئے اہم پیش رفت کی ہے، جو خطے میں امن کے لیے خوش آئند ہے۔
اپنے بیان میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں “پروجیکٹ فریڈم” کو عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ بروقت اور مثبت اقدام ہے، جس سے کشیدگی میں کمی اور سفارتی کوششوں کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قدم خطے میں مفاہمت کی فضا قائم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
وزیرِ اعظم نے محمد بن سلمان کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے کشیدگی کم کرنے کے لیے کردار قابلِ تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور دیگر دوست ممالک کی مشترکہ سفارتی کاوشوں نے اس پیش رفت کو ممکن بنایا۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مکالمے کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور تمام تنازعات کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے نکالنے کا حامی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت ایک دیرپا امن معاہدے کی بنیاد بن سکتی ہے۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں آبنائے ہرمز میں پھنسے بحری جہازوں کو نکالنے کے لیے شروع کیے گئے “پروجیکٹ فریڈم” کو عارضی طور پر روکنے کا اعلان کیا تھا، جسے عالمی سطح پر ایک اہم سفارتی اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔