(دن نیوز)سعودی پرو لیگ کے ایک سنسنی خیز اور ڈرامائی مقابلے میں النصر اور الہلال کے درمیان میچ 1-1 سے برابر رہا، جس کے بعد النصر کی ٹائٹل جیتنے کی امیدوں کو بڑا دھچکا پہنچا۔
میچ کے اختتام پر صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب النصر کے بعض ناراض شائقین نے الہلال کے مداحوں کے لیے مخصوص وی آئی پی سیکشن پر دھاوا بول دیا اور وہاں موجود افراد پر حملہ کیا۔ ابتدائی طور پر کشیدگی نے تیزی سے شدت اختیار کی، جس کے بعد دونوں طرف کے شائقین کے درمیان ہاتھا پائی اور دھکم پیل شروع ہوگئی۔
الہلال کے شائقین نے بھی پیچھے ہٹنے کے بجائے مزاحمت کی، جس سے اسٹیڈیم میں مکمل طور پر ہنگامہ برپا ہوگیا اور صورتحال قابو سے باہر ہونے لگی۔
عینی شاہدین کے مطابق تعداد میں کم ہونے کی وجہ سے النصر کے شائقین کو آخرکار پیچھے ہٹنا پڑا، جبکہ اس دوران اسٹیڈیم میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
بعد ازاں ریاض پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کرلیا اور انہیں قانونی کارروائی کے لیے عدالت میں پیش کردیا گیا ہے۔