امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں عدم پیش رفت کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت 113 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 112 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ادھر ایشیائی اور یورپی اسٹاک مارکیٹوں میں ملا جلا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس بھی کمی کے بعد 1 ہزار 144 پوائنٹس گر کر 1 لاکھ 67 ہزار 268 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
علاقائی مارکیٹوں میں کوریا اور ہانگ کانگ کے شیئر بازاروں میں مثبت رجحان دیکھا گیا جبکہ جاپان کی اسٹاک مارکیٹ میں کمی ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث تجارتی جہازوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی ہے۔ الجزیرہ کے مطابق ہفتے کے روز آبنائے ہرمز سے صرف 19 جہاز گزرے جبکہ معمول کے حالات میں روزانہ تقریباً 129 جہاز اس سمندری راستے سے گزرتے ہیں۔
یاد رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین سمندری راستوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے عالمی سطح پر تیل اور گیس کی تقریباً پانچویں حصے کی ترسیل کی جاتی ہے۔