(دن نیوز)امریکا نے نیپال میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ لیگ ٹو کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں 17 سالہ فاسٹ بولر ریتوک اپیدی کو پہلی بار قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 22 سالہ نوجوان بلے باز سائی تیجا کو ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ مونانک پٹیل قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔
اسکواڈ میں سابق سری لنکن کھلاڑی شیہان جےسوریا اور لیگ اسپنر محمد محسن کی واپسی ہوئی ہے، تاہم تجربہ کار بولر شیڈلی وان شالکوک اور اینڈریس گوس ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔
چھ فٹ تین انچ قد کے حامل ریتوک اپیدی کو ان کی رفتار اور حالیہ شاندار کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ امریکی ٹیم 14 مئی سے شروع ہونے والی اس سیریز کے ذریعے ورلڈ کپ کوالیفیکیشن کی راہ ہموار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
امریکی ٹیم 6 ماہ بعد ایک روزہ کرکٹ میں واپسی کر رہی ہے۔ اس سے قبل ٹیم نے اپنے آخری 12 میں سے 11 میچ جیت کر لیگ ٹو پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
کپتان مونک پٹیل نے امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم نیپال میں بھی اسی کامیاب کارکردگی کو برقرار رکھے گی۔ اعلان کردہ اسکواڈ میں مونک پٹیل، سائی تیجا مکا ملا، سمت پٹیل، شایان جہانگیر، ملند کمار، شبھم رانجنے، شیہان جے سوریا، ہرمیت سنگھ، نوشٹوش کینجیگے، محمد محسن، جیسی سنگھ، سوربھ نیتراولکر، رشل اگرکر، ریتوک اپیدی اور سنجے کرشنا مورتی شامل ہیں۔