انڈس ڈولفن تحفظ کیلئے وفاق اور صوبوں کے مشترکہ اقدامات پر اتفاق

(دن نیوز) پاکستان میں نایاب انڈس ڈولفن کے تحفظ کیلئے وفاقی حکومت، سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے درمیان مشترکہ اقدامات پر اتفاق کرلیا گیا ہے جبکہ عالمی اداروں کے تعاون سے ایک جامع تحفظی پلان پر کام شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ متعلقہ حکام کے مطابق عالمی اداروں نے اندھی ڈولفن کے تحفظ سے متعلق تفصیلی رپورٹ رواں سال ستمبر تک طلب کرلی ہے جس میں ڈولفن کی موجودہ تعداد، قدرتی ماحول، خطرات اور تحفظی اقدامات کی تفصیلات شامل کی جائیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ انڈس ڈولفن بایوسفیر ریزرو کی تجویز یونیسکو پروگرام کے تحت پیش کی گئی ہے جس کا مقصد دریائے سندھ کے مخصوص علاقوں کو محفوظ قدرتی خطہ قرار دینا ہے تاکہ ڈولفن کی افزائش اور بقا کو یقینی بنایا جا سکے۔ وائلڈ لائف سندھ کے مطابق صوبے میں انڈس ڈولفن کا پھیلاؤ تقریباً 180 کلومیٹر تک موجود ہے جبکہ پنجاب وائلڈ لائف حکام نے بتایا ہے کہ آئی یو سی این کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 50 سے زائد ڈولفن پائی جاتی ہیں۔ متعلقہ اداروں کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ کے ساتھ محفوظ علاقے قائم کرنے پر بھی کام جاری ہے تاکہ انسانی سرگرمیوں، آلودگی اور غیر قانونی شکار سے ڈولفن کو محفوظ رکھا جا سکے۔ حکام نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان میں ڈولفن کے تحفظ کیلئے 5 کروڑ روپے مالیت کے خصوصی منصوبے کی منظوری بھی دی گئی ہے جس کے تحت نگرانی، تحقیق، آگاہی مہم اور قدرتی ماحول کی بحالی جیسے اقدامات کیے جائیں گے۔ ماہرین کے مطابق انڈس ڈولفن دنیا کی نایاب ترین میٹھے پانی کی ڈولفنز میں شمار ہوتی ہے اور اس کے تحفظ کیلئے مربوط اور مستقل اقدامات ناگزیر ہیں۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *