اٹلی کی وزیراعظم کی جعلی تصاویر وائرل ، جارجیا میلونی نےعوام کو خبردار کیا

فائل فوٹو

 (دن فارن ڈیسک)اٹلی کی وزیرِاعظم جارجیا میلونی کی جعلی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انہوں نے اس رجحان کی شدید مذمت کرتے ہوئے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کی جانے والی تصاویر کو حقیقت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے جو نہ صرف عوام کو گمراہ کرتی ہیں بلکہ افراد کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔ جارجیا میلونی نے اس معاملے کو ایک خطرناک رجحان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے غلط استعمال سے جھوٹی معلومات پھیلانے کا سلسلہ تیزی سے بڑھ رہا ہے جس پر قابو پانا ضروری ہے۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ تصاویر بنانے والوں نے بظاہر ان کی شکل بہتر بنا دی ہے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس طرح کے اقدامات دراصل جھوٹ اور گمراہ کن معلومات کو فروغ دیتے ہیں جو کسی بھی معاشرے کے لیے نقصان دہ ہیں۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف ان تک محدود نہیں بلکہ ہر فرد اس کا شکار ہو سکتا ہے اور بہت سے لوگ ایسے حملوں کے خلاف مؤثر دفاع نہیں کر پاتے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی کسی بھی معلومات یا تصویر پر یقین کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کریں اور بغیر تحقیق کے اسے آگے شیئر نہ کریں۔ جارجیا میلونی کے مطابق ڈیجیٹل دور میں ذمہ دارانہ رویہ اپنانا ناگزیر ہو چکا ہے کیونکہ آج کسی ایک شخصیت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے تو کل کوئی بھی اس کا شکار بن سکتا ہے، اس لیے عوامی شعور اور احتیاط ہی ایسے مسائل سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ ہے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *