(دن نیوز)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کے باعث ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی، جس سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ رکنے میں مدد ملی۔
شکر گڑھ میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران امریکا کشیدگی نے عالمی منڈی میں تیل کا بحران پیدا کر دیا تھا، تاہم صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے کوششیں جاری رہیں۔
احسن اقبال کے مطابق اگر یہ جنگ بندی نہ ہوتی تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 250 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کر سکتی تھی، جس کے دنیا بھر کی معیشت پر سنگین اثرات مرتب ہوتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ خطے میں مکمل امن قائم ہو اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں دوبارہ مستحکم اور کم سطح پر آ سکیں۔