(دن نیوز) ایشا امبانی نے میٹ گالا 2026 میں اپنی منفرد سونے کی ساڑھی کے ذریعے عالمی توجہ حاصل کر لی۔ نیویارک میں منعقدہ اس تقریب میں ایشا امبانی نے بھارتی ڈیزائنر گورو گپتا کی تیار کردہ خصوصی ساڑھی زیب تن کی، جسے روایتی بھارتی دستکاری اور جدید فیشن کا حسین امتزاج قرار دیا جا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس ساڑھی کی تیاری میں 50 سے زائد ماہر کاریگروں نے حصہ لیا جبکہ اسے مکمل کرنے میں تقریباً 1200 گھنٹے صرف ہوئے۔ لباس میں خالص سونے کے دھاگوں اور فریسکو آرٹ سے متاثرہ ڈیزائن کا استعمال کیا گیا، جس نے تقریب میں موجود شرکاء کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔ ایشا امبانی نے اس ساڑھی کے ساتھ اپنی والدہ نیتا امبانی کے قیمتی زیورات بھی پہنے، جس سے ان کی شخصیت مزید نمایاں دکھائی دی۔ میٹ گالا 2026 میں بھارتی شخصیات کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی، جہاں فلم، فیشن اور کاروباری دنیا سے تعلق رکھنے والی کئی نمایاں شخصیات نے اپنے منفرد انداز سے عالمی سطح پر بھارتی ثقافت اور فن کو اجاگر کیا۔