(دن نیوز)شہر قائد میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سینئر مرکزی رہنماؤں سمیت سینیٹرز، قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین، انچارج سی او سی، کمیٹی اراکین، مرکزی شعبہ جات کے ذمہ داران اور ٹاؤن انچارجز نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی کے عوام کی محرومیوں کا دور اب ختم ہونے کے قریب ہے اور شہر میں تعمیر و ترقی کا نیا باب شروع ہوگا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ کنٹونمنٹ بورڈ اور آئندہ سال ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے ذمہ داران ابھی سے گھر گھر جا کر پارٹی کا پیغام پہنچائیں، کیونکہ یہ انتخابات شہر کے حقیقی اختیارات کے حصول میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔
اس موقع پر سینئر مرکزی رہنما سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ مشکل حالات میں کراچی کی خدمت کی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ تمام ذمہ داران بھرپور انداز میں میدان میں نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانا اور اس کے حقوق کی واپسی یقینی بنانا پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کر کے شہر کے نظام کو عوامی امنگوں کے مطابق چلایا جائے گا۔ اجلاس کے دوران انتخابی تیاریوں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے اور اراکین اسمبلی، ٹاؤن انچارجز اور ذمہ داران کو ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔