(دن نیوز)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید موسمی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ الرٹ کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور سندھ کے متعدد اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ چند علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے مزید خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث پہاڑی علاقوں میں موجود گلیشیئرز تیزی سے پگھل سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، سیلابی ریلوں اور شدید لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات پیدا ہو سکتے ہیں۔ یہ صورتحال خاص طور پر شمالی علاقوں کے مکینوں کے لیے خطرناک قرار دی جا رہی ہے۔
سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور شہری نظام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، موسمی صورتحال سے باخبر رہیں اور مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ ماہرین کے مطابق بروقت احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ممکنہ نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ضرورت ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔