(دن نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کو بنگلادیش کے خلاف ابتدائی میچ میں شکست کے بعد آئی سی سی کی ورلڈ چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل میں تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس ناکامی کے بعد پاکستان ٹیم ایک درجہ نیچے چلی گئی، جبکہ بنگلادیش نے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے درجہ بندی میں بہتری پیدا کرلی۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نیشنل کرکٹ ٹیم نے 44.44 فیصد پوائنٹس کے ساتھ پاکستان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چھٹی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ دوسری جانب پاکستان ٹیم 33.33 فیصد پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر آگئی ہے۔ اس تبدیلی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ٹیموں کے درمیان مقابلے کو مزید دلچسپ بنادیا ہے، کیونکہ ہر میچ پوائنٹس ٹیبل پر براہِ راست اثر ڈال رہا ہے۔
تازہ درجہ بندی کے مطابق Aآسٹریلوی کرکٹ ٹیم 87.50 فیصد پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور مضبوط پوزیشن میں دکھائی دے رہی ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 77.78 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ جنوبی افریقہ 75 فیصد پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر براجمان ہے۔اسی طرح سری لنکا 66.67 فیصد پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے، جبکہ بھارت 48.15 فیصد کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آنے والے میچز تمام ٹیموں کے لیے انتہائی اہم تصور کیے جا رہے ہیں کیونکہ ہر کامیابی یا ناکامی درجہ بندی تبدیل کرسکتی ہے۔