بی بی ایس ٹی ایچ ایبٹ آباد میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم

(دن نیوز) بے نظیر بھٹو شہید ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کی انتظامیہ اور طبی عملے نے دعویٰ کیا ہے کہ ہسپتال میں مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور کوئی بھی مریض طبی خدمات سے مایوس نہیں لوٹ رہا۔ ترجمان بی بی ایس ٹی ایچ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی اور ہسپتال کے قدیم انفراسٹرکچر کے باوجود او پی ڈی میں آنے والے مریضوں کے غیر معمولی رش کو مؤثر انداز میں سنبھالا گیا اور تمام شعبہ جات میں طبی خدمات معمول کے مطابق جاری رہیں۔ ترجمان کے مطابق ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی سے متعلق تاثر درست نہیں اور تمام متعلقہ شعبوں میں ماہر ڈاکٹرز اپنی نشستوں پر موجود رہے جنہوں نے مریضوں کو طبی معائنہ اور مشورے فراہم کیے۔ بیان میں کہا گیا کہ سینکڑوں مریضوں کی بیک وقت موجودگی کے باوجود ہسپتال میں کسی قسم کی بدنظمی یا جھگڑے کی صورتحال پیدا نہیں ہوئی اور سکیورٹی و انتظامی عملے نے نظم و ضبط برقرار رکھنے میں مؤثر کردار ادا کیا۔ ترجمان کے مطابق دور دراز علاقوں سے آنے والے مستحق مریضوں کو نہ صرف چیک اپ کی سہولت فراہم کی گئی بلکہ ضرورت کے مطابق انہیں ہسپتال میں داخل بھی کیا گیا۔ مزید بتایا گیا کہ صحت سہولت پروگرام کے تحت ادویات اور دیگر بنیادی طبی سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بڑے ہجوم کو منظم انداز میں سنبھالنا اور مریضوں کو مطمئن کر کے رخصت کرنا عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ آبادی میں اضافے کے ساتھ چیلنجز بڑھ رہے ہیں تاہم ہسپتال انتظامیہ ہر شہری کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کے ذریعے خدمات کا معیار برقرار رکھا جا رہا ہے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *