(دن نیوز)بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے انڈین پریمیئر لیگ 2026 کے دوران کھلاڑیوں اور ٹیم عہدیداروں کے لیے سخت سیکیورٹی اور ضابطہ جاتی قوانین نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام حالیہ سیزن میں سامنے آنے والی مبینہ بے ضابطگیوں کے بعد کیا گیا ہے جن میں غیر مجاز افراد کی ٹیم ہوٹلوں تک رسائی اور کھلاڑیوں کی نجی سرگرمیوں سے متعلق شکایات شامل تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سیکیا نے تمام 10 فرنچائزز کو 7 صفحات پر مشتمل تفصیلی ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔ اس میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹیم ہوٹلوں، کمروں اور دیگر حساس مقامات تک غیر متعلقہ افراد کی رسائی مکمل طور پر ممنوع ہوگی۔
نئے قوانین کے مطابق کسی بھی کھلاڑی یا آفیشل کے کمرے میں بغیر اجازت کسی شخص کا داخلہ سختی سے منع ہوگا، چاہے وہ ذاتی تعلق ہی کیوں نہ رکھتا ہو۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں اور معاون عملے کے لیے ہوٹل سے باہر جانے سے قبل سیکیورٹی کو اطلاع دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
بورڈ نے خبردار کیا ہے کہ ضابطوں کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس، جرمانہ، معطلی یا نااہلی جیسے سخت اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ آئی پی ایل انتظامیہ اور بی سی سی آئی کی مشترکہ خصوصی ٹیم ہوٹلوں اور ٹیم سرگرمیوں کی اچانک نگرانی بھی کرے گی۔
مزید یہ کہ فرنچائز مالکان کو میچ کے دوران ڈگ آؤٹ میں کھلاڑیوں یا ٹیم مینجمنٹ سے رابطے سے روک دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی غیر ضروری مداخلت کو ختم کیا جا سکے۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب بعض رپورٹس میں ٹیم بسوں میں غیر مجاز افراد کی موجودگی، ہوٹلوں میں آمد و رفت اور ڈریسنگ روم کے ماحول سے متعلق تنازعات سامنے آئے۔ ان واقعات نے کرکٹ بورڈ کو سخت پالیسی اپنانے پر مجبور کیا۔
بی سی سی آئی کا مؤقف ہے کہ آئی پی ایل ایک پروفیشنل لیگ ہے اور اس کی ساکھ برقرار رکھنے کے لیے ہر سطح پر سخت نگرانی اور ضابطوں پر مکمل عمل درآمد ضروری ہے۔ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ آئندہ کسی بھی خلاف ورزی پر کسی کھلاڑی یا آفیشل کو رعایت نہیں دی جائے گی۔