جعلی دودھ تیار کر کے فروخت کرنے والے دو افراد کو قید و جرمانے کی سزا

(دن نیوز) لاہور میں عدالت نے جعلی دودھ تیار کر کے بڑے پیمانے پر فروخت کرنے والے دو ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر 12 سال 6 ماہ قید اور فی کس 75 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ کارروائی بہاولنگر میں دودھ میں ملاوٹ کرنے والے ایک منظم گروہ کے خلاف کی گئی جس میں مرکزی ملزم مقصود بھٹی اور اس کے شریک ملزم زین العابدین شامل تھے۔ عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ صدر بہاولنگر اور سٹی اے ڈویژن میں درج مقدمات کے ٹرائل کے بعد فیصلہ سنایا گیا۔ فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق یہ گروہ روزانہ لاکھوں لیٹر جعلی دودھ تیار کر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتا تھا جس میں پاؤڈر، کیمیکل اور دیگر ممنوعہ اجزا کا استعمال کیا جاتا تھا۔ حکام کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے اس نیٹ ورک کے متعدد یونٹس کو سربمہر کیا جبکہ بین الصوبائی سطح پر بھی کارروائیاں کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال بھی اسی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کے دوران بعض یونٹس کو بند کیا گیا اور متعلقہ افراد کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے تھے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نے کارروائی میں حصہ لینے والے فوڈ سیفٹی افسران کو کارکردگی پر شاباش دی اور کہا کہ ادارہ محفوظ، معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کیلئے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں کو اکثر کارروائیوں کے دوران مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے تاہم اس کے باوجود وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی اور ایسے نیٹ ورکس کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *