جنگ بندی وینٹی لیٹر پر،،امریکا نے جوہری صلاحیت کی حامل آبدوز ’’جبرالٹر‘‘ خطے میں پہنچا دی

فاعل فوٹو۔۔سورس گوگل

(دن فارن ڈیسک)امریکا نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران جوہری صلاحیت کی حامل اوہائیو کلاس آبدوز ’’جبرالٹر‘‘ خطے میں پہنچا دی ہے جس کے بعد خطے کی صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی بحریہ نے اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ بیلسٹک میزائل آبدوز سمندر سے جوہری وارہیڈ لے جانے والے میزائل داغنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اسے امریکی دفاعی نظام کے انتہائی خفیہ اور طاقتور عسکری اثاثوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق اس نوعیت کی آبدوزوں کو عسکری اصطلاح میں ’بومر‘ کہا جاتا ہے اور یہ امریکا کی جوہری دفاعی حکمت عملی کا اہم حصہ سمجھی جاتی ہیں۔ پینٹاگون نے بیان میں کہا کہ آبدوز جبرالٹر کی آمد نیٹو اتحادیوں کے ساتھ امریکی عزم اور دفاعی تعاون کے اظہار کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔ یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور آبنائے ہرمز کی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز میں اپنی سرگرمیاں بڑھا رکھی ہیں جبکہ امریکا کی جانب سے ایرانی بحری نقل و حرکت پر دباؤ بڑھانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے جنگ بندی سے متعلق نئی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے حالیہ بیان میں کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور اس کی بقا کے امکانات محدود دکھائی دے رہے ہیں۔ دفاعی اور سفارتی حلقوں کے مطابق امریکی آبدوز کی تعیناتی سے خطے میں طاقت کے توازن اور عسکری کشیدگی کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں جبکہ عالمی منڈیوں اور بحری تجارتی راستوں پر بھی اس کے ممکنہ اثرات پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *