جنگ نے ہماری 2سال کی محنت پر پانی پھیر دیا،،وزیر اعظم شہباز شریف کا کابینہ اجلاس سے خطاب

(دن نیوز)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران امریکا جنگ نے پاکستان کی گزشتہ دو سال کی اجتماعی معاشی کاوشوں کو ضرب لگائی ہے اور عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث غیر معمولی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے مسلسل محنت سے معاشی استحکام کی سمت پیش رفت کی تھی تاہم خطے میں جنگی صورتحال نے نئے چیلنجز کھڑے کر دیے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان سیز فائر جاری ہے اور پاکستان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے خلوص نیت سے کردار ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 11 اپریل کو ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد میں مذاکراتی عمل شروع ہوا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا سلسلہ 21 گھنٹے تک جاری رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سفارتی سطح پر بھرپور کوششیں کیں اور دعا ہے کہ جنگ جلد مکمل طور پر ختم ہو اور خطے میں پائیدار امن قائم ہو۔

شہباز شریف نے کہا کہ جنگی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا جس سے پاکستان کی معاشی بحالی کی کوششیں متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جنگ سے پہلے پاکستان کے ایک ہفتے کا تیل درآمدی بل تقریباً 30 کروڑ ڈالر تھا جو اب بڑھ کر 80 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ ان کے مطابق توانائی درآمدی اخراجات میں اس بڑے اضافے نے زرمبادلہ، بجٹ اور مہنگائی پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ عرصے میں ساڑھے تین ارب ڈالر کے بیرونی قرضے واپس کیے ہیں جو مالی نظم و ضبط اور ذمہ دارانہ معاشی پالیسی کا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے مشکل فیصلوں، اصلاحات اور اجتماعی کاوشوں کے ذریعے معیشت کو بہتر سمت دی، تاہم عالمی حالات کے باعث نئی مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خطے میں امن کے لیے سفارتی کوششیں مسلسل جاری ہیں اور اس عمل میں وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی خدمات بھی قابلِ ستائش ہیں۔ وزیرِ اعظم کے مطابق ایرانی وزیرِ خارجہ نے عمان اور روس کا بھی دورہ کیا اور انہوں نے کہا ہے کہ وہ اپنی قیادت سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کی قیادت کے تعاون کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اجتماعی کوششوں سے موجودہ صورتحال کا مقابلہ کر رہی ہے اور دن رات محنت کر کے مسائل حل کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں سبسڈی جاری رکھنے کے لیے صوبوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے تاکہ عوام کو ممکنہ ریلیف دیا جا سکے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *