(دن نیوز)جوناتھن ناراویز نے گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کے چوتھے مرحلے میں شاندار کامیابی حاصل کرکے سائیکلنگ شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی۔ بی بی سی کے مطابق گیرو ڈی اٹالیہ کا 109 واں ایڈیشن بلغاریہ سے شروع ہوچکا ہے، جس میں دنیا بھر کے معروف سائیکلسٹ ٹائٹل جیتنے کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔ یہ ایونٹ دنیا کی بڑی سائیکل ریسز میں شمار کیا جاتا ہے اور ہر سال اس میں عالمی شہرت یافتہ ٹیمیں اور کھلاڑی شرکت کرتے ہیں۔
چوتھے مرحلے میں سائیکلسٹوں نے اٹلی کے شہر کیٹانزارو سے کوسینزا تک 138 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ یہ مرحلہ نسبتاً تیز رفتار اور سخت مقابلے پر مشتمل تھا، جہاں کھلاڑیوں نے اپنی فٹنس اور مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ 29 سالہ ایکواڈورین سائیکلسٹ جوناتھن نارویز نے مسلسل عمدہ رفتار برقرار رکھتے ہوئے مقررہ فاصلہ 3 گھنٹے، 8 منٹ اور 46 سیکنڈز میں مکمل کیا اور پہلی پوزیشن حاصل کی۔
اورلوئس آولار نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے دوسری پوزیشن اپنے نام کی، جبکہ جیولیو سیکون تیسرے نمبر پر رہے۔ ریس کے اس مرحلے میں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، جس نے شائقین کو بھرپور سنسنی فراہم کی۔
گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 21 مراحل پر مشتمل ہے، جس میں سائیکلسٹ مجموعی طور پر 3459.2 کلومیٹر کا سفر طے کریں گے۔ اس بین الاقوامی ایونٹ میں 23 ٹیمیں شریک ہیں جو ٹائٹل کے حصول کے لیے کوششیں کررہی ہیں۔ یہ ریس 8 مئی سے شروع ہوئی اور 31 مئی کو اختتام پذیر ہوگی۔