دفاع مزید مضبوط،،آرمی راکٹ فورس کا تیار کردہ فتح 4 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ،،صدر،وزیر اعظم ،فیلڈ مارشل کی مبارکباد
(دن نیوز)پاک فوج کی آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح 4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کر لیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 4 جدید ایویونکس اور جدید ترین نیویگیشنل نظام سے لیس میزائل ہے جو دور فاصلے سے اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس تربیتی تجربے کا بنیادی مقصد فوجی دستوں کی آپریشنل تیاری کو مزید مؤثر بنانا اور مختلف ذیلی نظاموں کی تکنیکی صلاحیت، درستگی اور بقا کے معیار کی توثیق کرنا تھا۔ تجربے کے موقع پر آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے سینئر افسران، ترقیاتی اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی شرکت کی جبکہ جدید دفاعی نظام کے مختلف تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 4 میزائل پاکستان کی مقامی دفاعی صنعت اور جدید عسکری تحقیق میں اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔ صدرِ مملکتآصف علی زرداری وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر، چیف آف دی نیول اسٹاف نوید اشرف اور چیف آف دی ایئر اسٹاف ظہیر احمد بابر سدھونے کامیاب تجربے پر متعلقہ سائنسدانوں، انجینئرز اور عسکری ماہرین کو مبارکباد پیش کی۔ عسکری قیادت نے اس منصوبے میں شامل تمام افراد کی فنی مہارت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور قومی دفاع کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید دفاعی ٹیکنالوجی کی تیاری پاکستان کی دفاعی خودمختاری کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔