راولپنڈی میں پولیس مقابلہ، دو خطرناک ملزم ہلاک،،کراچی میں بھی مقابلہ،،خاتون سمیت  4ڈاکو گرفتار

فاعل فوٹو۔۔ سورس گوگل

(دن نیوز)راولپنڈی کے علاقے صدر کے بیرونی حصے میں پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں دو ملزمان ہلاک ہوگئے۔ ترجمان پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس نے ایک مشکوک کار کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم گاڑی میں موجود ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی جس کے بعد جوابی کارروائی کی گئی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان سنگین جرائم میں مطلوب تھے اور ان کے خلاف قتل اور اقدامِ قتل کے مقدمات درج تھے۔ ترجمان نے بتایا کہ ملزمان نے تقریباً چار ماہ قبل ایک سیکیورٹی گارڈ کو قتل کیا تھا جس کے بعد سے وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ واقعے کے وقت ملزمان مبینہ طور پر ایک شہری سے گن پوائنٹ پر کار چھین کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں صورتحال پر قابو پا لیا گیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور علاقے میں ناکہ بندی بھی سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ابتدائی شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ اس گروہ کے دیگر ارکان کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں پولیس نے ایک اور کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد دو زخمیوں سمیت چار ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں ایک خاتون بھی شامل ہے جبکہ کارروائی کے دوران ملزمان سے پستول، تین موبائل فون، ساٹھ ہزار روپے نقد اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے ابتدائی تفتیش کے دوران متعدد وارداتوں کا انکشاف ہوا ہے جن میں ایک بڑی واردات بھی شامل ہے۔ حکام کے مطابق ملزمان نے گزشتہ ماہ ایک پیٹرول پمپ مالک سے 75 لاکھ روپے چھیننے کا اعتراف کیا ہے اور مزاحمت پر پیٹرول پمپ مالک کو گولی مارنے کی بھی تصدیق کی ہے۔ پولیس کے مطابق اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج پہلے ہی منظر عام پر آ چکی تھی جس کی مدد سے ملزمان کی شناخت ممکن ہوئی۔ پولیس حکام نے بتایا کہ اس سے قبل بھی رواں ہفتے اسی علاقے میں ایک اور کارروائی کے دوران پانچ ڈاکو ہلاک ہوئے تھے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے بھی مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *