(دن فارن ڈیسک)سعودی عرب نے خطے میں جاری فوجی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے سفارتی ذرائع اختیار کریں۔ جدہ میں سعودی ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں علاقائی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جس میں کشیدگی کم کرنے کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا گیا۔ سعودی وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس میں واضح کیا گیا کہ موجودہ حالات نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن و استحکام کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ سیاسی اور سفارتی حل تلاش کیا جائے۔ اجلاس کے دوران سعودی عرب نے پاکستان کی جانب سے جاری ثالثی اور سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ ایسے اقدامات خطے کو مزید عدم استحکام سے بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ سعودی حکام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تنازع کے حل کے لیے بات چیت اور مفاہمت کو ترجیح دی جائے تاکہ کسی بڑے تصادم سے بچا جا سکے۔ سعودی میڈیا کے مطابق کابینہ اجلاس میں آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی محفوظ اور بلا رکاوٹ آمد و رفت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا کیونکہ یہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے ایک اہم گزرگاہ ہے۔ علاوہ ازیں اجلاس میں سعودی وزارت انصاف اور پاکستان کی وزارت قانون کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت کی منظوری بھی دی گئی جسے دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔