(دن نیوز)شان مسعود نے بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد اعتراف کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم اہم مواقع پر کھیل پر اپنی گرفت برقرار رکھنے میں ناکام رہی۔ میرپور کے شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ایک مرحلے پر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ پاکستان میچ ڈرا کرنے کی پوزیشن میں آچکا ہے، تاہم ٹیم اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکی۔
شان مسعود نے کہا کہ جب دو سیٹ بیٹرز کریز پر موجود ہوں تو ٹیم کو زیادہ دیر تک بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کو محفوظ بنانا چاہیے تھا، لیکن ایسا نہ ہوسکا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں میچ پر گرفت حاصل کرنے کے بعد مخالف ٹیم کو دباؤ میں رکھنا ضروری ہوتا ہے، مگر پاکستانی ٹیم اس میں کامیاب نہ رہی۔کپتان نے میچ میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مثبت قرار دیتے ہوئے ڈیبیو کرنے والے اذان اویس اور عبداللہ فضل کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اذان اویس نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں سنچری بنا کر متاثر کیا، جبکہ عبداللہ فضل نے دونوں اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کرکے ٹیم کو سہارا فراہم کیا۔شان مسعود کا کہنا تھا کہ انہیں میچ سے ایک رات قبل تک اپنی شمولیت کا علم نہیں تھا، لیکن موقع ملنے پر ذمہ داری کے ساتھ بیٹنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں نوجوان کھلاڑیوں کا انتخاب ان کی صلاحیتوں کی بنیاد پر کیا گیا تھا اور انہوں نے میدان میں پختگی کا مظاہرہ کیا۔قومی کپتان نے مزید کہا کہ چھ ماہ بعد ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے باوجود کھلاڑیوں کی محنت پر شک نہیں کیا جاسکتا، تاہم ٹیم کو ایسی پچز پر میچ ختم کرنے کا فن سیکھنا ہوگا تاکہ آئندہ بہتر نتائج حاصل کیے جاسکیں۔