(دن نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں کے موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ درجہ حرارت میں گزشتہ دنوں کے مقابلے میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں صبح کے وقت درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے اوقات میں اس کے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ شہر میں 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہلکی ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے، تاہم مجموعی طور پر موسم خشک ہی رہے گا۔
ادھر گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے اور اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بارش کے امکانات موجود نہیں ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان علاقوں میں موسم نسبتاً مستحکم رہے گا۔
دوسری جانب لاہور میں موسم قدرے خوشگوار ہو گیا ہے جہاں بادلوں کی موجودگی کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔ شہر میں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں نے گرمی کی شدت میں کمی کر دی ہے۔ لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 47 فیصد ہے جس کے باعث موسم مرطوب مگر نسبتاً خوشگوار محسوس کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج بارش کی کوئی پیشگوئی نہیں تاہم آئندہ ہفتے کے دوران بادل برسنے کے امکانات موجود ہیں، جس سے موسم مزید بہتر ہو سکتا ہے۔
ادھر کراچی میں گرمی کی شدید لہر برقرار ہے جہاں صبح سویرے ہی درجہ حرارت 30 ڈگری تک پہنچ گیا۔ شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جس سے شہریوں کو شدید گرمی اور حبس کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔