(دن نیوز)عاصم اظہر نے بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی سے اپنی ملاقات اور 2022 کے یادگار پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عاصم اظہر نے بتایا کہ وہ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے سنسنی خیز مقابلے کے اگلے روز ویرات کوہلی سے ملے تھے۔ ان کے مطابق وہ آج تک اس میچ کے نتیجے کو مکمل طور پر سمجھ نہیں سکے۔
عاصم اظہر نے کہا کہ میچ کے دوران تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تک ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ پاکستان جیت جائے گا، چاہے لوگ اسٹیڈیم میں موجود تھے یا ٹی وی پر میچ دیکھ رہے تھے، ہر طرف پاکستانی ٹیم کی برتری محسوس کی جا رہی تھی۔ تاہم پھر اچانک ویرات کوہلی نے اپنی شاندار بیٹنگ سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔
انہوں نے بتایا کہ اگلے دن ملاقات کے دوران ویرات کوہلی نے خود بھی اعتراف کیا کہ انہیں اب تک سمجھ نہیں آیا کہ وہ اننگز کیسے کھیل گئے۔ عاصم اظہر کے مطابق یہ سن کر وہ حیران رہ گئے کیونکہ دنیا بھر کے شائقین آج بھی اس اننگز کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی بہترین اننگز میں شمار کرتے ہیں۔
گلوکار نے مزید کہا کہ ملاقات کے دوران وہ زیادہ گفتگو نہیں کر سکے کیونکہ ان کا ذہن بالکل خالی ہو گیا تھا۔ ان کے مطابق جب کوئی شخص اپنے پسندیدہ سپر اسٹار سے ملتا ہے تو ایسا ہونا فطری بات ہے۔
بابر اعظم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عاصم اظہر نے بتایا کہ ویرات کوہلی پاکستانی کپتان کی بیٹنگ کے بڑے مداح ہیں اور کئی بار بابر اعظم کی تعریف بھی کر چکے ہیں۔
عاصم اظہر کے مطابق ملاقات کے اختتام پر ویرات کوہلی نے انہیں اپنی دستخط شدہ شرٹ تحفے میں دی۔ بعد ازاں گلوکار نے سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کرتے ہوئے ویرات کوہلی کی شخصیت اور محبت کی تعریف کی اور کہا کہ وہ اب صرف ان کی کرکٹ ہی نہیں بلکہ ان کی شخصیت کے بھی بڑے مداح بن چکے ہیں۔