عالمی کشیدگی بڑھتے ہی سونا مہنگا، عوام کیلئے سرمایہ کاری مزید مشکل

فائل فوٹو،سورس گوگل

(دن نیوز)عالمی مارکیٹ میں سونے اور خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان کی مقامی مارکیٹ پر بھی نمایاں طور پر سامنے آنے لگے ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور سرمایہ کاروں کی محفوظ سرمایہ کاری کی جانب بڑھتی دلچسپی کے باعث سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

جیولرز کے مطابق پاکستان میں 24 قیراط فی تولہ سونا 900 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 77 ہزار 162 روپے تک جا پہنچا ہے، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 772 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 9 ہزار 89 روپے ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا اور فی تولہ چاندی 26 روپے مہنگی ہو کر 8 ہزار 99 روپے تک پہنچ گئی۔

آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 9 ڈالر اضافے کے بعد 4548 ڈالر ہو گئی، جس کے باعث مقامی سطح پر بھی قیمتیں بلند ہوئیں۔ ماہرین کے مطابق عالمی سیاسی کشیدگی، تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور معاشی بے یقینی کے باعث سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری تصور کرتے ہوئے خریداری بڑھا رہے ہیں۔

ادھر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ برینٹ خام تیل 111 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 107 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو پاکستان میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، کیونکہ تیل اور سونے کی قیمتوں میں اضافہ براہِ راست مقامی معیشت، ٹرانسپورٹ، درآمدات اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *