عمران خان سے کوئی ڈیل نہیں ہوگی،،عدالتیں قانون کے مطابق فیصلے کریں گی،، رانا ثنااللہ

(دن نیوز)وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کسی قسم کی ڈیل نہیں ہو رہی اور ان کے تمام معاملات عدالتوں کے سپرد ہیں جہاں قانون اور آئین کے مطابق فیصلے کیے جائیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کسی غیر قانونی یا خفیہ سمجھوتے کا حصہ نہیں بنے گی اور تمام قانونی امور عدالتی عمل کے ذریعے ہی طے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت سیاسی اور ذہنی طور پر کمزور صورتحال سے دوچار ہے جبکہ ملک کو درپیش چیلنجز کے باوجود ریاستی ادارے مستحکم انداز میں کام کر رہے ہیں۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حالیہ علاقائی صورتحال میں پاکستان نے مثبت کردار ادا کیا اور عالمی سطح پر امن کے فروغ کے لیے اقدامات کیے گئے، انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر سرگرم بعض عناصر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ ذاتی مفادات اور سیاسی مخالفت کی بنیاد پر ملک کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں جو قومی مفاد کے منافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور مختلف ممالک کی جانب سے مثبت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہیں اور جاری ترقیاتی منصوبے نہ صرف برقرار رہیں گے بلکہ انہیں مکمل بھی کیا جائے گا۔ رانا ثنا اللہ نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے اور اس کی کامیابی نے دیگر تمام معاملات کو پس منظر میں ڈال دیا ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز کا فیصلہ صرف عدالتیں ہی کریں گی اور اسی عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *