(دنی نیوز)قصور کے ایک غریب خاندان کو نسل در نسل جاری مبینہ قرضی غلامی سے ایک غیر ملکی جوڑے نے نجات دلا دی، جس کے بعد اس اقدام کو انسانی ہمدردی اور انسان دوستی کی بڑی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق متاثرہ خاندان گزشتہ تقریباً 130 برس سے قرض کے بوجھ تلے دبا ہوا تھا اور اس دوران خاندان کی کئی نسلیں اینٹیں بنانے والے بھٹوں پر بغیر اجرت یا انتہائی کم اجرت پر کام کرنے پر مجبور رہیں۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی قرض کے بعد سود اور بوجھ بڑھتا گیا، جس کے باعث یہ سلسلہ نسل در نسل جاری رہا۔
حال ہی میں پاکستان آنے والے ایک مغربی جوڑے نے خاندان کی حالت زار دیکھ کر ان کا مکمل قرض ادا کیا، جس کے بعد خاندان کو مبینہ طور پر اس غلامانہ مشقت سے آزادی مل گئی۔
مقامی سطح پر اس اقدام کو انسان دوستی کی ایک غیر معمولی مثال قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس واقعے کو وسیع پیمانے پر سراہا جا رہا ہے۔