(دن نیوز) موسمِ گرما میں بڑھتی ہوئی گرمی اور ہیٹ ویو کے اثرات کے دوران غذائی ماہرین نے لال پیاز کے استعمال کو جسمانی توازن برقرار رکھنے میں معاون قرار دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق سفید یا گلابی پیاز کے مقابلے میں لال پیاز میں غذائی اجزاء کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جس میں اینٹی آکسیڈنٹس، فلیونوئیڈز، معدنیات اور پانی کی مناسب مقدار شامل ہے جو جسم میں پانی اور نمکیات کی کمی کو پورا کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ طبی ماہرین نے بتایا ہے کہ شدید گرمی کے دوران انسانی جسم کو پسینہ آنے، چکر آنے، سر درد، متلی اور کمزوری جیسے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے جبکہ لال پیاز ان اثرات کو کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ غذائی ماہرین کے مطابق لال پیاز ہاضمے کو بہتر بنانے، آنتوں کی صحت کو برقرار رکھنے اور جسم میں پانی کے توازن کو مستحکم رکھنے میں کردار ادا کرتی ہے۔ اس کے علاوہ کچی لال پیاز کو سلاد کی صورت میں کھانوں کے ساتھ استعمال کرنے سے پیٹ پھولنے کی شکایت میں کمی اور نظامِ ہاضمہ میں فائدہ مند جراثیم کی افزائش میں مدد ملتی ہے۔ تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ لال پیاز میں موجود قدرتی اجزاء خون کی گردش کو بہتر بنانے اور گرمی سے پیدا ہونے والے جسمانی دباؤ کو کم کرنے میں کردار ادا کرتے ہیں۔ ماہرین نے واضح کیا ہے کہ لال پیاز کو مکمل علاج کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے بلکہ یہ صرف معاون غذا ہے جو گرمی کے اثرات کو کم کرنے میں مدد فراہم کر سکتی ہے۔ ماہرین نے تجویز کیا ہے کہ لال پیاز کو سلاد، دہی کے ساتھ رائتے یا چٹنی کی صورت میں استعمال کیا جا سکتا ہے تاہم معدے کی حساسیت، تیزابیت یا آنتوں کے امراض میں مبتلا افراد کو اس کے استعمال میں اعتدال اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔