محکمہ ایکسائز کی ٹیکس وصولیوں میں اضافہ

فائل فوٹو،سورس گوگل

(دن نیوز)محکمہ ایکسائز نے رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ کے دوران ٹیکس وصولیوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کرتے ہوئے گزشتہ سال کے مقابلے میں سوا 18 ارب روپے زیادہ جمع کر لیے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ادارے نے نہ صرف گزشتہ برس کی کارکردگی کو پیچھے چھوڑا بلکہ مقررہ ہدف سے بھی اربوں روپے زائد وصولی حاصل کی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے ابتدائی دس ماہ میں 46 ارب 25 کروڑ روپے ٹیکس جمع کیا گیا تھا، جبکہ رواں مالی سال اسی عرصے میں وصولیاں بڑھ کر 64 ارب 56 کروڑ روپے تک پہنچ گئیں۔ اس طرح مجموعی طور پر 18 ارب روپے سے زائد اضافی ٹیکس وصول کیا گیا۔

حکام کے مطابق گزشتہ سال مجموعی طور پر مختلف ٹیکسز کی مد میں 57 ارب روپے سے زائد رقم جمع کی گئی تھی، جبکہ رواں برس محکمہ پہلے ہی اپنے مقررہ ہدف سے تقریباً 7 ارب روپے زائد وصولی کر چکا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 23 ارب روپے جبکہ موٹر ٹیکس کی مد میں 36 ارب 12 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔ اس کے علاوہ ایکسائز ڈیوٹی سے 3 ارب 26 کروڑ روپے اور پروفیشنل ٹیکس سے 1 ارب 14 کروڑ روپے حاصل ہوئے۔

محکمہ ایکسائز کے حکام کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے لیے ادارے کو 73 ارب روپے کا ہدف دیا گیا ہے، جس کے حصول کے لیے آخری دو ماہ میں ڈیفالٹرز کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق اہداف مکمل کرنے کے لیے افسران کے تقرر اور تبادلوں پر عارضی پابندی بھی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ مطلوبہ کارکردگی نہ دکھانے والے انسپکٹرز اور ای ٹی اوز کو عہدوں سے ہٹانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق ٹیکس وصولیوں میں یہ اضافہ حکومتی محصولات بہتر بنانے اور مالی خسارہ کم کرنے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اس کے ساتھ ٹیکس دہندگان کے لیے شفاف اور آسان نظام کی فراہمی بھی ضروری ہوگی۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *