(دن نیوز)محکمہ موسمیات پاکستان نے آج سے ملک میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی ہے۔ ادارے کے مطابق 4 مئی تک بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی اور بارش کا امکان ہے جبکہ 5 مئی تک مغربی ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔
اسلام آباد میں وقفے وقفے سے آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد میں آج اور کل بارش کی توقع ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بالائی اور وسطی اضلاع میں 2 سے 4 مئی کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے، جبکہ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی تیز بارش اور آندھی کی توقع ہے۔
ادارے کے مطابق بارشوں کے باعث بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مختلف مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ میدانی علاقوں پشاور، مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔