محکمہ موسمیات کی کراچی میں گرمی اور حبس برقرار رہنے کی پیش گوئی

فائل فوٹو،سورس گوگل

(دن نیوز)محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ رات کے وقت کم سے کم درجۂ حرارت 27.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں اس وقت جنوب مغرب کی سمت سے 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ شہر میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے اور حبس میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق سمندری ہواؤں کے باوجود نمی کا بلند تناسب شہریوں کے لیے پریشانی کا سبب بن سکتا ہے، خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں گرمی زیادہ محسوس ہونے کا امکان ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں کراچی میں درجۂ حرارت میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور چند روز قبل شہر میں رواں سال کا گرم ترین دن بھی ریکارڈ کیا گیا تھا۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *