مرید عباس قتل کیس،مرکزی ملزم عاطف زمان کا بیان ریکارڈ، قتل سے انکار

(دن نیوز)نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس کے قتل کے مقدمے میں 7 سال بعد اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں کراچی کی سیشن عدالت میں مرکزی ملزم عاطف زمان نے اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔

عدالتی کارروائی کے دوران ملزم نے مرید عباس اور خضر حیات کے قتل میں ملوث ہونے سے انکار کیا، جس کے بعد عدالت نے کیس کی مزید سماعت 14 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو حتمی دلائل پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ مقدمے میں گواہان، تفتیشی افسر اور دیگر متعلقہ افراد پہلے ہی اپنے بیانات ریکارڈ کرا چکے ہیں، جبکہ دہرے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا فرانزک بھی پیش کیا جا چکا ہے۔

استغاثہ کے مطابق ملزم عاطف زمان نے اپنے بھائی عادل زمان کے ساتھ مل کر دونوں افراد کو دفتر بلا کر قتل کیا۔ شریک ملزم عادل زمان سپریم کورٹ سے ضمانت خارج ہونے کے بعد مفرور ہو گیا تھا، جسے عدالت نے اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔

مدعیہ کے وکیل جبران ناصر کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف تمام شواہد عدالت میں جمع کرا دیے گئے ہیں اور کیس اب اپنے حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *