(دن نیوز)بنگلہ دیشی تجربہ کار بلے باز مشفق الرحیم نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کا ایک اہم ریکارڈ توڑ دیا ہے اور وہ طویل ترین ٹیسٹ کیریئر رکھنے والے دوسرے ایشین کھلاڑی بن گئے ہیں۔ گزشتہ روز پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلنے کے بعد ان کے کیریئر کا دورانیہ 20 سال 351 دن تک پہنچ گیا ہے۔
اس فہرست میں سب سے آگے بھارت کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر ہیں جن کا ٹیسٹ کیریئر 24 سال ایک دن پر محیط رہا، جبکہ مشفق الرحیم اب دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ دوسری جانب عمران خان کا ٹیسٹ کیریئر 20 سال 218 دن پر مشتمل ہے، جس کے باعث وہ اب اس فہرست میں تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
مشفق الرحیم کو بنگلہ دیش کرکٹ کی تاریخ کا سب سے مستقل مزاج اور تجربہ کار کھلاڑی سمجھا جاتا ہے۔ وہ اپنے ملک کی جانب سے 100 ٹیسٹ میچز کھیلنے والے واحد کھلاڑی بھی ہیں، جو ان کی لمبی اور شاندار کیریئر کا ایک اور اہم سنگ میل ہے۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق مشفق الرحیم کی یہ کامیابی ان کے مستقل مزاجی، فٹنس اور کارکردگی کا واضح ثبوت ہے، جبکہ ایشین کرکٹ میں ان کا نام اب طویل اور کامیاب کیریئر رکھنے والے کھلاڑیوں میں نمایاں طور پر شامل ہو چکا ہے۔