(دن نیوز)ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بعض علاقوں، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے، جس سے درجہ حرارت میں جزوی کمی متوقع ہے۔
اتوار کے روز ملک کے گرم ترین شہر جیکب آباد اور شہید بینظیر آباد رہے جہاں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ لسبیلہ، تربت، دادو، پڈعیدن، موہنجو دڑو اور حیدرآباد میں پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
دیگر شہروں میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہی، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور میں 40 ڈگری، کراچی میں 38 اور لاہور میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح اسلام آباد، کوئٹہ اور مظفرآباد میں درجہ حرارت 34 ڈگری جبکہ پشاور میں 33 اور گلگت میں 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی علاقوں میں بارش کے باعث موسم میں کچھ بہتری آ سکتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں تاکہ گرمی کے اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔