موٹو جی پی ریس میں خوفناک حادثہ، الیکس مارکیز شدید زخمی

فائل فوٹو،سوشل میڈیا

(دن نیوز)موٹو جی پی ریس  کے دوران اسپینش رائیڈر  الیکس مارکیز ایک خوفناک حادثے میں شدید زخمی ہو گئے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

حادثہ ریس کے 12ویں لیپ پر پیش آیا جب ان کی موٹر سائیکل سامنے موجود پیڈرو ایکسوسٹا کی بائیک سے ٹکرا گئی۔ رپورٹ کے مطابق اکیوسٹا کی موٹر سائیکل کو اچانک پاور میں مسئلہ پیش آیا جس کے باعث پیچھے آنے والے رائیڈرز کو بروقت ردعمل کا موقع نہ مل سکا۔

ٹکر کے نتیجے میں الیکس مارکیز کی بائیک بے قابو ہو کر دیوار سے جا ٹکرائی، جس کے بعد وہ ہوا میں اچھل کر گر گئے۔ میڈیکل ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور ریس کو عارضی طور پر روک دیا گیا۔

بعد ازاں اسپتال میں معائنے کے دوران ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ انہیں گردن کے مہرے C7 میں معمولی فریکچر اور کالر بون میں فریکچر ہوا ہے، جس کے باعث مزید علاج یا ممکنہ سرجری کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

الیکس مارکیز نے اسپتال سے اپنی تصویر بھی شیئر کی اور مداحوں کو بتایا کہ ان کی حالت قابو میں ہے اور وہ مسلسل طبی نگرانی میں ہیں۔ ریس حکام کے مطابق واقعے کے بعد مقابلہ دوبارہ شروع کیا گیا تاہم ایک اور حادثے کے باعث اسے دوبارہ روکنا پڑا۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *