میوچل فنڈ سرمایہ کاری آسان، ڈیجیٹل اکاؤنٹس اور حدود میں بڑا اضافہ کردیا گیا

فائل فوٹو،سوشل میڈیا

(دن نیوز)پاکستان میں چھوٹے سرمایہ کاروں کے لیے میوچل فنڈز میں سرمایہ کاری کو مزید آسان اور مؤثر بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں، جن کے تحت فوری ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے جبکہ سرمایہ کاری کی حدود میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ نئی اصلاحات کے مطابق سہل اکاؤنٹس کی سرمایہ کاری حد 2 لاکھ روپے سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دی گئی ہے، جبکہ سہولت اکاؤنٹس کی حد 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے تک کر دی گئی ہے۔

ایس ای سی پی نے اس سلسلے میں ریگولیٹری فریم ورک میں ترمیم کا باضابطہ سرکلر بھی جاری کر دیا ہے، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ افراد کو سرمایہ کاری کے شعبے کی جانب راغب کرنا ہے۔

نئی اصلاحات کے تحت بینکوں اور مالیاتی اداروں کے موجودہ صارفین کے لیے کے وائی سی یعنی “نو یور کسٹمر” کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کے بعد چھوٹے سرمایہ کاروں کو اضافی دستاویزات جمع کرانے کی ضرورت نہیں رہے گی، جس سے اکاؤنٹ کھلوانے کا عمل مزید تیز اور آسان ہو جائے گا۔

مزید برآں جدید بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے آن لائن اکاؤنٹ کھولنے کے نظام کو بھی بہتر بنایا گیا ہے تاکہ سرمایہ کار گھر بیٹھے محفوظ اور آسان طریقے سے سرمایہ کاری کر سکیں۔

ماہرین کے مطابق یہ اقدامات پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے رجحان کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ حکام کے مطابق ملک میں سرمایہ کاروں کی تعداد 25 لاکھ تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ عوام کو سرمایہ کاری، منافع اور معاشی ترقی کے مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔

ان اصلاحات سے نہ صرف سرمایہ کاری کا عمل آسان ہوگا بلکہ مالیاتی شعبے میں ڈیجیٹلائزیشن کو بھی فروغ ملے گا۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *