نیتن یاہو کا پاکستان پر اسرائیل امریکا تعلقات خراب کرنے کا الزام ،،بھارتی میڈیا پر اس بیان کو نمایاں کوریج

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

(دن فارن ڈیسک)اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے امریکی ٹی وی پروگرام ’60 منٹس‘ کو دیے گئے انٹرویو کے ایک حصے کو بھارتی میڈیا کی جانب سے نمایاں طور پر نشر کیا جا رہا ہے جس میں انہوں نے پاکستان پر سوشل میڈیا کے ذریعے اسرائیل مخالف پروپیگنڈا پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ کئی ممالک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو متاثر کرنے کیلئے بوٹ فارمز استعمال کر رہے ہیں اور ان ممالک میں پاکستان کا نام بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی امریکی سوشل میڈیا اکاؤنٹس دراصل پاکستان میں موجود کسی بیسمینٹ سے چلائے جا رہے ہیں اور ان کے ذریعے اسرائیل مخالف مواد اور بیانیہ پھیلایا جاتا ہے۔ پاکستان ان اکائونٹس کے ذریعے اسرائیل امریکا تعلقات خراب کرنا چاہتا ہے،،اسرائیلی وزیراعظم کے مطابق اس قسم کی سرگرمیوں کا مقصد امریکا اور اسرائیل کے درمیان موجود اسٹریٹجک اتحاد اور تعلقات کو کمزور کرنا ہے۔ انٹرویو کے بعد بھارتی میڈیا کے مختلف ٹی وی چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے اس بیان کو بار بار نشر کیا اور اسے خطے کی موجودہ سیاسی صورتحال سے جوڑ کر پیش کیا۔ رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے عالمی سطح پر سوشل میڈیا کے استعمال، ڈیجیٹل مداخلت اور آن لائن پروپیگنڈا مہمات کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور کہا کہ مختلف ممالک نئی ٹیکنالوجی اور جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے رائے عامہ پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاحال پاکستان کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم کے اس بیان پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا تاہم سوشل میڈیا اور مختلف حلقوں میں اس بیان پر بحث جاری ہے جبکہ بھارتی میڈیا میں اسے پاکستان مخالف بیانیے کے طور پر نمایاں جگہ دی جا رہی ہے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *