(دن نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے رواں سال مون سون بارشوں کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی تیاری مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ وزیراعظم سے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے ملاقات کی، جس میں مون سون سیزن کے دوران ممکنہ صورتحال اور حفاظتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم کو پہاڑی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خطرات، گلاف اور فلیش فلڈز سے متعلق پیشگی اطلاع دینے والے نظام کی تنصیب اور اس کی کارکردگی سے آگاہ کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ مختلف حساس علاقوں میں جدید مانیٹرنگ سسٹمز نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی بروقت نشاندہی ممکن بنائی جا سکے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پیشگی اطلاع کے نظام کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے تاکہ خطرات سے دوچار علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی منصوبہ بندی، ریسکیو انتظامات اور عوامی آگاہی مہمات پر بھی خصوصی توجہ دینے کی تاکید کی۔ ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں شدید بارشوں، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے، خصوصاً شمالی اور پہاڑی علاقوں میں صورتحال زیادہ حساس سمجھی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برسوں میں مون سون بارشوں اور سیلاب کے باعث پاکستان کو بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا تھا، جس کے بعد حکومت نے موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور پیشگی انتباہی نظام پر توجہ بڑھا دی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بروقت تیاری اور مؤثر مانیٹرنگ سے ممکنہ نقصانات کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔