وزیراعلیٰ مریم نواز سے ارکان اسمبلی کی ملاقات،، صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور بیوٹیفکیشن پروگرامز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

فاعل فوٹو

(دن نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ارکانِ اسمبلی نے ملاقات کی جس میں صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور بیوٹیفکیشن پروگرامز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور ارکان نے مختلف منصوبوں کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران ارکان اسمبلی نے سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و توسیع، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور صاف پانی کی فراہمی کے لیے جاری “ماڈل ولیج” منصوبوں کو سراہتے ہوئے انہیں عوامی فلاح کے لیے اہم قرار دیا۔ مزید بتایا گیا کہ دیہی علاقوں میں پہلی مرتبہ شہری طرز پر “ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت مربوط صفائی نظام نافذ کیا جا رہا ہے جسے مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ پنجاب بھر میں 13 ہزار سے زائد سڑکوں کی تعمیر، مرمت اور توسیع کا کام جاری ہے جس پر ارکان اسمبلی نے اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ترقی کا ایک نیا مرحلہ شروع ہو چکا ہے اور مختلف شعبوں میں اصلاحات کے ذریعے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تین ہزار سے زائد مراکز صحت کو جدید “سٹیٹ آف دی آرٹ کلینکس” میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ صحت کی سہولیات کا معیار بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال اور نواز شریف میڈیکل سٹی جلد مکمل کیے جائیں گے جبکہ خصوصی بچوں کے لیے پہلا سرکاری آٹزم اسکول بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ سرگودھا میں انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام سے دل کے مریضوں کو بہتر سہولیات مل رہی ہیں اور ہر ضلع میں کیتھ لیب کے قیام کے منصوبے پر کام جاری ہے تاکہ فوری علاج ممکن بنایا جا سکے۔ اسی طرح فالج کے مریضوں کے لیے اسٹرک مینجمنٹ سینٹرز بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ “اپنا چھت، اپنا گھر” اسکیم کے تحت ایک لاکھ سے زائد گھر تکمیل کے مراحل میں ہیں جبکہ “اپنا کھیت، اپنا روزگار” منصوبہ بے روزگار اور بے زمین کاشتکاروں کے لیے شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الیکٹرک بس سروس کے ذریعے دور دراز علاقوں تک سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو آسان اور بہتر ٹرانسپورٹ میسر آ سکے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *