(دن نیوز)پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے خالص منافع میں جاری مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیاد پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمع کرائے گئے مالیاتی بیان کے مطابق تیسری سہ ماہی میں پی پی ایل کو 20.77 ارب روپے کا خالص منافع حاصل ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 21.79 ارب روپے کے مقابلے میں 5 فیصد کم ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اس سہ ماہی میں کمپنی کی فی حصص آمدنی 7.63 روپے ریکارڈ کی گئی، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ 8.01 روپے تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس دوران کمپنی نے ٹیکسوں کی مد میں 11.18 ارب روپے کی ادائیگیاں بھی کیں۔
جاری مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران پی پی ایل کا مجموعی خالص منافع 61.15 ارب روپے رہا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 16 فیصد کم ہے۔ اس عرصے میں کمپنی کی فی حصص آمدنی 22.48 روپے ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق توانائی کے شعبے میں لاگت، ٹیکسوں اور دیگر معاشی عوامل کے باعث منافع میں اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے، جس کا اثر بڑی آئل اینڈ گیس کمپنیوں کی مالی کارکردگی پر بھی پڑ رہا ہے۔