پاکستان ہیپاٹائٹس سے متاثرہ بڑے ممالک کی فہرست میں شامل

(دن نیوز) پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے بڑھتے ہوئے کیسز اور اس سے منسلک اموات کے باعث عالمی اداروں نے تشویش کا اظہار کیا ہے، جبکہ تازہ عالمی رپورٹ میں پاکستان کو ان ممالک میں شامل کیا گیا ہے جہاں اس مرض کا بوجھ نمایاں طور پر زیادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان، بھارت اور چین مجموعی طور پر دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس سی کے کل بوجھ کا تقریباً 39 فیصد حصہ رکھتے ہیں، جبکہ پاکستان ان نمایاں ممالک میں شامل ہے جہاں اس مرض سے متعلق اموات کی شرح 58 فیصد رپورٹ کی گئی ہے۔ عالمی اعداد و شمار کے مطابق سال 2024 کے دوران ہیپاٹائٹس بی اور سی کے باعث دنیا بھر میں 13 لاکھ 40 ہزار اموات ہوئیں جبکہ اسی عرصے میں 18 لاکھ نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ ماہرین کے مطابق اگرچہ ہیپاٹائٹس سی کے مؤثر علاج دستیاب ہیں، تاہم علاج تک رسائی محدود ہونے کے باعث صرف 20 فیصد مریضوں کو مناسب علاج میسر آ سکا، جبکہ ہیپاٹائٹس بی کے مریضوں میں یہ شرح 5 فیصد سے بھی کم رہی۔ طبی ماہرین نے پاکستان میں اس بیماری کے پھیلاؤ کی بڑی وجوہات غیر محفوظ طبی طریقہ کار، آلودہ یا دوبارہ استعمال ہونے والی سرنجز، خون کی ناکافی اسکریننگ اور جعلی آٹو ڈس ایبل سرنجز کے استعمال کو قرار دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیپاٹائٹس بی سے بچاؤ کے لیے دستیاب ویکسین 95 فیصد سے زائد مؤثر ہے جبکہ ہیپاٹائٹس سی کا علاج 8 سے 12 ہفتوں کے اندر ممکن ہے، بشرطیکہ مریض بروقت تشخیص اور علاج تک رسائی حاصل کرے۔ ماہرین نے حکومت اور متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ عوامی آگاہی مہمات میں اضافہ کریں، خون کی اسکریننگ کے نظام کو مؤثر بنائیں، سرنجز اور طبی آلات کے محفوظ استعمال کو یقینی بنائیں اور صحت کے شعبے میں نگرانی کا نظام مضبوط کریں تاکہ اس مہلک مرض کے پھیلاؤ کو قابو میں لا کر آئندہ نسلوں کو اس خطرے سے محفوظ بنایا جا سکے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *