پنجاب حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے، چودھری شافع

فائل فوٹو،سوشل میڈیا

(دن نیوز)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے چین کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹیکسٹائل، فوڈ پروسیسنگ، طبی آلات اور دیگر صنعتی شعبوں سے وابستہ سرمایہ کار کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں انہوں نے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع اور حکومتی سہولیات سے آگاہ کیا اور انہیں صوبے میں فیکٹریاں لگانے کی دعوت دی۔

صوبائی وزیر نے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متعدد غیر ملکی کمپنیوں نے پنجاب میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جو صوبے کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔

چوہدری شافع حسین نے چین کے شہر گوانگژو میں کینٹن فیئر فیز تھری کا بھی دورہ کیا، جہاں قونصل جنرل سردار محمد اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر محمد عمران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر انہوں نے چینی سرمایہ کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے ذریعے نہ صرف بڑی مقامی مارکیٹ تک رسائی ممکن ہے بلکہ یورپی یونین اور امریکہ جیسی عالمی منڈیوں میں ڈیوٹی فری ایکسپورٹ کے مواقع بھی دستیاب ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ اڑھائی برسوں میں اربوں روپے کی نئی سرمایہ کاری ہوئی ہے، جبکہ ویوو موبائل فون کی مینوفیکچرنگ یونٹ تکمیل کے قریب ہے اور الیکٹرک وہیکلز کے اسمبلنگ پلانٹس بھی لگائے جا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ صنعتی ضروریات کے مطابق پنجاب میں نئے انڈسٹریل زونز قائم کیے جا رہے ہیں، جس سے مقامی سطح پر ہزاروں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کو جوائنٹ وینچرز کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ہر قسم کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتی ہے اور سرمایہ کاروں کو مکمل سہولت فراہم کی جائے گی۔

اپنا دورہ مکمل کرنے کے بعد صوبائی وزیر چین سے واپس وطن پہنچ گئے، جسے حکومت پنجاب کی سرمایہ کاری پالیسی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *