(دن نیوز)پنجاب حکومت نے “مریم کو بتائیں” پروگرام کے تحت شہریوں کو مالی امداد فراہم کرنے کے لیے ایک ارب روپے تک کی منظوری دے دی ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے شہریوں کو 10 ہزار روپے تک نقد امداد فراہم کی جائے گی تاکہ فوری ریلیف اور عوامی شکایات کے ازالے کو بہتر بنایا جا سکے۔
پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے مطابق پروگرام کے لیے اہلیت کے معیار اور مالیاتی فنڈنگ میں نظرثانی کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایک ارب روپے کی مکمل تقسیم تک یہ پروگرام جاری رہے گا۔
ذرائع کے مطابق اس منصوبے کا مقصد عوامی شکایات کے فوری حل کے ساتھ ساتھ ریلیف کے نظام کو مزید مؤثر اور تیز بنانا ہے۔ شہری اس سہولت سے “مریم کو بتائیں” ایپ اور ہیلپ لائن کے ذریعے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
حکومتی حکام کے مطابق یہ اقدام عوامی سطح پر مسائل کے فوری حل اور گورننس میں بہتری کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے، جس سے شہریوں کو براہِ راست مالی مدد فراہم کی جائے گی۔