پنجاب میں تعلیمی بحران، لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر

(دن نیوز)پنجاب جو ملک کا سب سے زیادہ آبادی والا صوبہ اور تعلیمی مرکز سمجھا جاتا ہے، آج بھی ایک بڑے تعلیمی بحران کا سامنا کر رہا ہے جہاں لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ سرکاری اور بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق غربت، مہنگائی، اساتذہ کی کمی اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی اس صورتحال کی بڑی وجوہات ہیں۔

یونیسیف اور محکمہ تعلیم کی رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں 2 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچے اسکول نہیں جاتے، جن میں سب سے زیادہ تعداد پنجاب کی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ صورتحال تعلیمی نظام کے بنیادی ڈھانچے میں موجود کمزوریوں کی عکاس ہے۔

سابق صوبائی وزیر تعلیم  عمران مسعود کے مطابق دیہی علاقوں میں غربت کے باعث والدین بچوں کو تعلیم کے بجائے محنت مزدوری پر لگانے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں میں اسکول موجود نہیں جبکہ بعض اداروں میں صرف ایک استاد تعینات ہے۔

رپورٹ کے مطابق شہری علاقوں میں نجی اسکولوں کی بلند فیسیں بھی متوسط اور غریب طبقے کے لیے تعلیم کو مشکل بنا رہی ہیں، جبکہ سرکاری اسکولوں میں معیارِ تعلیم پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ والدین کا کہنا ہے کہ بہتر مواقع نہ ہونے کے باعث بچوں کا مستقبل متاثر ہو رہا ہے۔

صوبائی حکومت کے مطابق اسکول سے باہر بچوں کو تعلیمی نظام میں لانے کے لیے خصوصی مہمات شروع کی گئی ہیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ جب تک بنیادی ڈھانچے اور معاشی مسائل حل نہیں ہوتے، اس مسئلے پر قابو پانا مشکل ہوگا۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *