(دن نیوز)رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں پٹرولیم لیوی کی وصولی 1200 ارب روپے سے تجاوز کر گئی ہے، جس سے حکومت کی آمدنی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وفاقی وزارتِ خزانہ کی دستاویزات کے مطابق جولائی 2025 سے مارچ 2026 تک مجموعی طور پر 1205 ارب 18 کروڑ روپے پٹرولیم لیوی وصول کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ وصولی 833 ارب 85 کروڑ روپے تھی، یعنی رواں سال کے دوران 371 ارب 33 کروڑ روپے کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس اضافے کو حکومتی مالی وسائل میں بہتری کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم اس کا براہِ راست اثر پٹرول کی قیمتوں اور عوامی اخراجات پر بھی پڑتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت ایک لٹر پٹرول پر تقریباً 145 روپے کی آمدن حاصل کر رہی ہے، جو مجموعی ریونیو میں پٹرولیم لیوی کے اہم کردار کو ظاہر کرتا ہے۔ رواں مالی سال کے لیے پٹرولیم لیوی کا ہدف 1468 ارب 39 کروڑ 50 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔
گزشتہ سال پٹرولیم لیوی کی مجموعی وصولی 1220 ارب 21 کروڑ 30 لاکھ روپے رہی، جبکہ مالی سال24-2023 میں یہ رقم 1019 ارب روپے اور23-2022 میں 580 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔
ماہرین کے مطابق مسلسل بڑھتی ہوئی پیٹرولیم لیوی حکومت کی مالی ضروریات پوری کرنے میں مدد دے رہی ہے، تاہم اس کا بوجھ بالآخر صارفین پر ہی منتقل ہوتا ہے، جس سے مہنگائی پر بھی اثر پڑتا ہے۔