چینی اور امریکی صدور کی باغ کی سیر،،میزبان صدر کا صدر ٹرمپ کو گلاب کے بیج تحفے میں دینے کا وعدہ

(دن نیوز) چین کے صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو گلاب کے بیج تحفے میں دینے کا وعدہ کر کے سفارتی حلقوں کی توجہ حاصل کر لی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں عالمی صورتحال، تجارتی امور اور دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد دونوں شخصیات نے ژونگ نان ہائی کے باغ میں چہل قدمی بھی کی جہاں موجود خوبصورت پھولوں اور باغیچے کے مناظر نے خصوصی توجہ حاصل کی۔ اس دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے باغات میں کھلے گلابوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہاں موجود گلاب نہایت خوبصورت اور دلکش ہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹرمپ کے اظہارِ پسندیدگی پر چینی صدر شی جن پنگ نے انہیں گلاب کے بیج تحفے میں دینے کا وعدہ کیا۔

مبصرین اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور نرم سفارت کاری کی ایک علامت قرار دے رہے ہیں۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون، اقتصادی معاملات اور عالمی چیلنجز پر بھی گفتگو کی جبکہ تجارتی تعلقات میں بہتری کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے مؤقف کو تفصیل سے سنا۔ چینی صدارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ گلاب کے بیجوں کا تحفہ صرف ایک رسمی اقدام نہیں بلکہ ثقافتی اور سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی علامت بھی سمجھا جا رہا ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی سطح پر کشیدہ تجارتی ماحول کے باوجود اس قسم کے نرم اور دوستانہ اشارے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مثبت فضا پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *