(دن نیوز) وسطی افریقی ملک کانگو کے مشرقی علاقے میں ایبولا وائرس کے پھیلاؤ کی تصدیق کے بعد صحت کے حکام نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ افریقا سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے مطابق کانگو کے صوبہ ایتوری میں ایبولا وائرس کے باعث درجنوں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ متعدد مشتبہ مریضوں کی نگرانی جاری ہے۔ ادارے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اب تک ایبولا وائرس کے 246 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 65 اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق وائرس کے سرحد پار پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر کانگو، یوگنڈا، جنوبی سوڈان اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا جا رہا ہے تاکہ مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔ صحت حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں طبی نگرانی، مریضوں کی شناخت، قرنطینہ مراکز اور عوامی آگاہی مہموں پر کام تیز کر دیا گیا ہے جبکہ سرحدی علاقوں میں اسکریننگ کا عمل بھی سخت کیا جا رہا ہے۔ ایبولا وائرس ایک انتہائی خطرناک اور متعدی بیماری تصور کی جاتی ہے جو متاثرہ فرد کے جسمانی رطوبتوں کے ذریعے دوسروں میں منتقل ہو سکتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق بروقت تشخیص اور احتیاطی تدابیر وائرس کے پھیلاؤ کو محدود کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ عالمی اداروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو وائرس خطے کے دیگر ممالک تک بھی پھیل سکتا ہے۔ حکام نے مقامی آبادی پر زور دیا ہے کہ بخار، کمزوری، قے یا خون بہنے جیسی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طبی مراکز سے رجوع کیا جائے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔